چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پرآج اکثر شہروں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی
وزارت داخلہ نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر صوبائی حکومتوں کی طرف سے جی پی آر ایس، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی درخواستوں کی منظوری دے دی۔
وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کے تمام صوبوں کے ہوم ڈیپارٹمنٹس کی جانب سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں کہا گیا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر چہلم امام حسین علیہ السلام کے روز موبائل فون و انٹرنیٹ سروس معطل رکھی جائیں۔ وزارت داخلہ نے حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کے موقع پر پورے مُلک کے اکثر شہروں میں ، موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کی منظوری دے دی۔
جن شہروں میں آج موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہے گی ان میں لاہور، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، نارووال، راولپنڈی، اٹک، جہلم، سرگودھا، خوشاب، بھکر، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن اور رحیم یار خان شامل ہیں۔
سندھ میں کراچی، حیدر آباد، سکھر، خیرپور، جیکب آباد اور شکارپور، خیبر پختون خوا میں نوشہرہ، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ایبٹ آباد، کشمیر میں مظفر آباد، باغ، حویلی، میرپور، کوٹلی اور کوئٹہ میں مذکورہ سروسز بند رہیں گی۔
جبکہ اسلام آباد میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بحال رہے گی۔